نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے حج اور عمرے فرمائے؟

 سوال: حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں کتنے حج اور کتنے عمرے کئے؟

الجواب و باللہ التوفیق:

 حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلان نبوت کے بعد سے ہجرت تک تین حج کئے، فرضیت حج کا حکم نازل ہونے کے بعد آپ نے ایک حج فرمایا جس کو حجۃ الوداع ، حجۃ البلاغ اور حجۃ الاسلام کہتے ہیں - یہ وہ عظیم یادگار اور تاریخ ساز حج ہے جس میں صحابہ کرام کی ایک بہت بڑی تعداد نے آپ کے ہمراہ فریضہ حج ادا کیا، اور آپ سے حج وعمرہ کے احکام سیکھے۔

 سیرت حلبیہ میں ہے :

" ولم يحج منذ هاجر الي المدينة غير هذه الحجة,قال واما بعد النبوة قبل الهجرة فحج ثلاث حجات " اھ ( سیرت حلبیہ ج 3، ص 283 ) ۔ 

حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات مبارکہ میں کل چار عمرے کیے ہیں، البتہ ان میں سے عمرہ حدیبیہ کفار کی رکاوٹ کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکا تھا، باقی تین عمرے مکمل ادا فرمائے، اور یہ تمام کے تمام ذی قعدہ کے مہینے میں کیے، سوائے اس عمرہ کے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کے ساتھ کیا، وہ ذی الحجہ میں ہوا تھا.

صحیح مسلم میں ہے :

" أن رسول الله صلی الله علیه وسلم اعتمر أربع عمر کلهن فی ذی القعدة إلا التی مع حجته عمرة من الحدیبیة أو زمن الحدیبیة فی ذی القعدة وعمرة من العام المقبل فی ذی القعدة وعمرة من جعرانة حیث قسم غنائم حنین فی ذی القعدة وعمرة مع حجته " اھ ( الصحیح لمسلم ج 1 ص 409 ، حدیث نمبر 1253 )

 اور حافظ ابن قیم کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے عمرے چار سے زآئد نہیں ہیں " اھ ( زاد المعاد ج 2 ص 90 - 93 )

واللہ اعلم

حررہ: جاوید خلیل قاسمی

جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت، ضلع شاملی

12/ جمادی الاولی 1442ھ




تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

حزب البحر مع طريق زکوۃ

زندہ مرغی تول کر بيچنے کا حکم

مفتی قاسم جلال آبادی