آیت سجدہ پہلے خود پڑھی، پھر اسی مجلس میں دوسرے سے سنی، تو کتنے سجدے واجب ہوں گے؟
سوال :
اگر کوئی شخص ایک ہی مجلس میں کسی آیت سجدہ کو کئی لوگوں سے سنے ۔ یا پہلے کسی دوسرے سے آیت سجدہ سنے، اور پھر وہی آیت اسی مجلس میں خود تلاوت کرے، تو اس صورت میں اس پر ایک سجدہ واجب ہوگا یا دو سجدے؟؟
الجواب و باللہ التوفیق :
اگر ایک ہی مجلس میں سجدے کی ایک آیت کو بار بار پڑھا، یا سنا، تو ایک ہی سجدہ واجِب ہو گا، اگرچِہ چند لوگوں سے سنا ہو۔
اسی طرح اگر آیت سجدہ پڑھی اور پھر اسی مجلس میں وُہی آیت دوسرے سے سنی ، یا کسی سے آیت سجدہ سنی، اور پھر اسی مجلس میں وہی آیت خود پڑھی، تو اس صورت میں بھی ایک ہی سجدہ واجِب ہو گا۔
فتاوی شامی میں ہے:
"متی اتحد الآية و المجلس، لا یتکرر الوجوب، و ان اجتمع التلاوة و السماع و لو من جماعة ۔ ففی البدائع: لا یتکرر و لو اجتمع سببا الوجوب، و ھما التلاوة و السماع بان تلاھا ثم سمعھا ، او بالعکس، او تکرر احدھما ۔
و فی البزازیة : سمعھا من آخر و من آخر ایضاً، و قرأها ، كفته سجدة واحدة في الاصح؛ لاتحاد الاية و المكان . و نحوه في الخانية . " ( رد المحتار ٢/ ٧١٣، تهانوي، باب سجود التلاوة)
واللہ اعلم
حررہ جاوید خلیل قاسمی بالوی
جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت، ضلع شاملی
4/ محرم الحرام 1442ھ
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں