حضرت مولانا افضال صاحب گنگوہی : نقوش و تاثرات
✒️ محمد جاوید قاسمی بالوی خادم جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت دو تین روز پہلے واٹس ایپ پر اچانک یہ اطلاع ملی کہ حضرت الاستاذ مولانا افضال صاحب گنگوہی کی طبیعت زیادہ خراب ہے ، گردوں نے کام کرنا بند کردیا ہے، اسی وقت سے ہمارے یہاں جامعہ میں نمازوں کے بعد مولانا کے لیے دعائے صحت کا اہتمام شروع کر دیا گیا ، کسی کو بھی یہ اندازہ نہیں تھا کہ مولانا کی یہ علالت اتنی مختصر اور مرض الوفات ثابت ہوگی۔ کل صبح بھی نماز فجر کے بعد امام صاحب نے مولانا کی صحت وشفاء کے لیے رقت آمیز دعا کرائی، اس وقت تک کسی کو یہ پتہ نہیں تھا کہ اب مولانا مرحوم دعائے صحت سے بے نیاز ہو کر اپنے رب حقیقی کے جوار رحمت میں پہنچ چکے ہیں ۔ نمازِ فجر کے بعد جب واٹس ایپ کھولا تو اکثر گروپس میں مولانا کی وفات کی خبر گردش کرتی دیکھ کر دل پر رنج و الم کے بادل چھاگئے ، اور مولانا کی ناگہانی موت نے ایک بار پھر یہ حقیقت تازہ کردی کہ موت کے لیے کوئی عمر متعین نہیں، جیسے ہی آدمی کا وقت پورا ہوجاتا ہے کیا بوڑھا کیا جوان، کیا بچہ کیا ادھیڑ عمر، کیا مرد کیا عورت سب موت کے آگے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ کسی کو ہو یا نہ ہو کم...